کراچی (این این آئی)ماضی کی معروف اداکارہ ممتاز مزاحیہ گلوکاری سے سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے برطانوی پاکستانی گلوکار چاہت فتح علی خان سے نالاں ہیں۔ایک انٹرویو میں اداکارہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہت فتح علی خان نے میرے گانے بدو بدی کا مذاق اڑایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چاہت اس گانے کو گانا سمجھ کر گاتے، مذاق نہ اڑاتے تو میں آج ان کی تعریف کرتی لیکن انہوں نے اتنے سپر ہٹ گانے کا مذاق اڑایا ہے۔ممتاز نے کہاکہ اس گانے کی وجہ سے فلم ہٹ ہوئی تھی، اس گانے کی اتنی ڈیمانڈ تھی کہ جب سنیما میں فلم لگتی تو شروع میں، درمیان اور پھر آخر میں بھی اس گانے کو چلایا جاتا تھا لیکن انہوں نے اتنے مشہور گانے کا مذاق اڑانا شروع کر دیا، جس کا مجھے بہت دکھ ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود ان کے بیٹے ذیشان باری نے کہا کہ اگر چاہت فتح علی نے یہ کامیڈی نہ کی ہوتی تو یہ گانا دوبارہ منظر عام پر شائد نہ آتا، ان کی وجہ سے اس گانے کو نئی زندگی ملی ہے۔