پشاور (این این آئی)خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے 3کروڑ سے زائد مالیت کے انجکشن مریضوں کو مفت فراہم کردیئے۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کو لشمینا مرض کا شکار افراد کیلئے انتہائی ضروری گلوکوٹائن انجکشن فراہم کردیئے ہیں۔ 75ہزار انجکشن یونیسیف کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کو صوبے میں موجود 68ہزار مریضوں کیلئے دیئے گئے، جن کی قیمت تین کروڑ روپے سے زائد ہے۔مشیر صحت نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ معاملہ عالمی سطح کا ہے ،صوبہ براہ راست انجکشن نہیں خرید سکتا، انجکشن متعلقہ مراکز صحت اور ڈی ایچ اوز کو فی الفور فراہم کی جائینگے۔انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس ضروری تعاون کو یقینی بنایا، جنوبی اضلاع میں اس بیماری کا پھیلاو زیادہ ہے جس کا سد باب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کو بھی لشمینا کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔