راولپنڈی (این این آئی) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ حق لینے کیلئے کسی اور ملک پر تکیہ نہیں کرنا چاہئے، سمجھ نہیں آ رہی ڈیل کی باتیں کون کر رہا ہے،بانی پی ٹی آئی نے کہا عوام کے حقوق کا فیصلہ اب سڑکوں پر ہو گا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک منظم جماعت ہے ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں لیڈر شپ موجود ہے، احتجاج کو آرگنائز کرنے کیلئے لیڈر شپ فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا ہے عوام کا ووٹ چوری کیا گیا ،عوام کے حقوق کا فیصلہ اب سڑکوں پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی اور ملک پر انحصار نہیں کرنا چاہئے، کیا ہم چاہتے ہیں باہر سے کوئی ہدایات دے بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں؟۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمیں حق لینا ہے تو کسی اور ملک پر تکیہ نہیں کرنا چاہئے، سمجھ نہیں آ رہی ڈیل کی باتیں کون کر رہا ہے۔