کراچی (این این آئی) اداکار نعمان اعجاز نے شکوہ کیا ہے کہ ماضی میں میرے بیان پر مجھ پر تنقید کی گئی کہا گیا کیسے اداکار ہیں جو باوضو ہو کر نا محرم خواتین کے ساتھ کام کرتے ہیں۔یوٹیوب چینل سے گفتگوکرتے ہوئے اداکار نعمان اعجاز نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 36سال ہوگئے ،آج تک کسی بھی پروڈیوسر یا ہدایت کار نے ان کے پیسے نہیں کھائے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے بچوں کے پاس کینیڈین شہریت ہے جو انہیں ان کے ننھیال کے خاندان کی وجہ سے ملی، کیوں کہ میرے بچوں کے نانا وہاں کے شہری تھے ، میرے بچوں نے کینیڈا سے تعلیم حاصل کی۔نعمان اعجاز نے بتایا کہ میں نے وکالت کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے ،کچھ سال تک وکالت کی پریکٹس بھی کی لیکن رزق شوبز انڈسٹری میں لکھا تھا، اس لئے اداکار ہی بن گیا،اب اداکاری کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں آتا۔ایک سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ہم میں سے بہت سارے لوگ خدا پر کامل یقین کا دعوی تو کرتے ہیں لیکن درحقیقت اس پر عمل نہیں کرتے، ہمیں معلوم ہے کہ رازق خدا ہے لیکن اس باوجود ہم انسان کو ہی رازق سمجھ بیٹھتے ہیں اور لوگوں کے آگے پیچھے پھرنے لگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خود کو بہت ہی اللہ والا بندہ نہیں سمجھتے لیکن ان کا یقین ہے کہ ان کے تمام معاملات، ان کی کامیابی اور ان کو اچھے رزق کی فراہمی خدا کی طرف سے ہے۔