بیجنگ(این این آئی)چین نے الیکٹرک گاڑیوں پر یورپی یونین کے فیصلے کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق یورپی یونین کے فیصلے بارے سوال میں بتایا ہے کہ چین نے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر یورپی یونین کے اینٹی سبسڈی اقدامات کے حتمی فیصلے کو ڈبلیو ٹی او کے تنازعات کے تصفیے کے طریقہ کار میں اضافی مقدمے کے طور پر دائر کیاہے ۔ اس سے قبل چین نے یورپی یونین کے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی مخالف ابتدائی اقدامات پر ڈبلیو ٹی او میں مقدمہ دائر کیا تھا۔پیر کے روز ترجمان نے کہا کہ چین کو افسوس ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی حکومتوں ، صنعت اور عوام کے اعتراضات کے باوجود ، یورپی یونین نے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر بڑی تعداد میں اینٹی سبسڈی محصولات عائد کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔ چین اس کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کی ترقی اور گرین ٹرانسفارمیشن پر عالمی تعاون کے تحفظ کے لئے ، چین نے یورپی یونین کے حتمی فیصلے کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔