بیجنگ (این این آئی)چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ما ننگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں پالا کے صدر کے چین سے متعلق نامناسب ریمارکس کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ دنیا کے 183ممالک نے ‘ون چائنا پرنسپل’کی بنیاد پر چین کیساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں اور ون چائنا پرنسپل پر کاربند رہنے کا تاریخی رجحان رک نہیں سکتا۔پیر کے روز انہوں نے کہا کہ پالاو جیسے بہت کم ممالک، تائیوان کے ساتھ نام نہاد “سفارتی” تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں جو نہ صرف اپنے ملک اور اس کے عوام کے مفادات کے خلاف ہے بلکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 2758 کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ما ننگ نے کہا کہ یہ چین کی قومی خودمختاری کی خلاف ورزی بھی ہے اور اسے درست کیا جانا چاہیے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ چین ان ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، جلد از جلد تاریخ کی درست جانب آئیں اور ایسے درست فیصلے کریں جو واقعی ان کے بنیادی اور طویل مدتی مفادات کے مطابق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چین ،ون چائنا پرنسپل کی بنیاد پر ان ممالک کے ساتھ تعلقات میں ایک نئے دور کے لئے تیار ہے۔