لاہور( این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ان ایکشن ہے۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں فصلوں کی باقیات کو جلانے والوں کے خلاف سخت کاروائیاں جاری ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22 مقدمات درج کرتے ہوئے 03 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 05 ملزمان کو جرمانے کروائے گئے جبکہ 3925 افراد سے شورٹی بانڈز لئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے سال رواں میں ہونے والے مجموعی کریک ڈان بارے بتایا کہ رواں سال فصلوں کی باقیات اور دیگر مقامات پر آگ لگا کر سموگ کا سبب بننے والے قانون شکنوں کے خلاف مجموعی طور پر 758 مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 607 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ 282 افراد کو جرمانے کروائے گئے، 3925 افراد سے شورٹی بانڈز لئے گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں سموگ سے متعلق کریک ڈان میں 24 افراد گرفتار ہوئے،17 مقدمات درج کئے گئے، لاہور میں 07 افراد سے شورٹی بانڈز لئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز سمیت دیگر مقامات پر انسداد سموگ کریک ڈان میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مانیٹرنگ سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے اور قانون شکنی کے مرتکب فیکٹری و بھٹہ مالکان کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔