تل ابیب(این این آئی)اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے سینئر رکن کو لبنان کے قصبے بطرون سے گرفتار کرلیا ہے۔لبنانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صبح کے وقت ایک نامعلوم مسلح فوج ساحل سمندر پر پہنچی، ایک قریبی عمارت پر چھاپہ مارا اور اسپیڈ بوٹ کے ذریعے روانہ ہونے سے پہلے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔لبنانی وزیر اعظم نجیب میکاتی نے لبنانی وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں لبنان سے شہری کے اغواء ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے۔واضح رہے کہ لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 2 ہزار 968 افراد شہید جبکہ 13ہزار 319 زخمی ہوچکے ہیں۔لبنان کی موجودہ صورتحال پر اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اس وقت لبنان میں حالات 2006ء میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہونے والی جنگ سے بھی زیادہ خراب ہیں۔