اسلام آباد(این این آئی) اے ایف ایل ایشیا کپ کیلئے پاکستان اے ایف ایل ویمن ٹیم کے ٹرائلز مکمل ہوگئے۔ اے ایف ایل ایشیا کپ میں پاکستان کی مینز اور ویمن ٹیمیں شرکت کریں گی۔پاکستان اے ایف ایل کے سیکرٹری جنرل چوہدری ذوالفقار نے ٹرائلز کے بعد ڈائریکٹر ویمن ونگ عرفان خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان اے ایف ایل ٹیم کیلئے ملک بھر سے 60خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میںسے قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کیلئے 24 خواتین کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا۔پاکستان ویمن اے ایف ایل ٹیم کا ٹریننگ کیمپ آئندہ ہفتے اسلام آباد میں شروع ہوگا جبکہ قومی ٹیم کے آسٹریلوی ہیڈکوچ مائیکل گیلس آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ جائیں گے اور پھر وہ 15رکنی حتمی سکواڈ کا انتخاب کریں گے۔ واضح رہے کہ 6سے 8دسمبر ویتنام میں منعقدہ اے ایف ایل ایشیاکپ میں پاکستان اور انڈیا سمیت 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔