اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی فیصلہ کن احتجاج دھمکی مضحکہ خیزہے،کارکنان کو اشتعال انگیزی پر اکسا کر قیادت چھپ جاتی ہے،ٹکڑوں اور دھڑوں میں بٹی جماعت کا ہر ایک فرد دوسرے پر سوالات اٹھا رہا ہے،امریکی مداخلت نامنظورکے نعرے لگانے والے آج اپنے مند پسند امیدوار کی جیت کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔تحریک انصاف کے احتجاج کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے فیصلہ کن احتجاج کا اعلان کیا دوسرے ملک ہونیوالے انتخابات سے مشروط ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزاری اور امریکی مداخلت نامنظور کے نعرے لگانے والے آج کل امریکی انتخابات میں اپنے پسند کے امیدوار کی جیت کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں انتخابات وہاں کا اندرونی معاملہ ہے، پی ٹی آئی کی حکمت عملی امریکی انتخابات کے نتائج پر مبنی نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آپ ان پر سازش کا الزام بھی لگاتے اور پھر امیدیں بھی لگاتے ہیں،ٹکڑوں اور دھڑوں میں بٹی جماعت کا ہر ایک فرد دوسرے پر سوالات اٹھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے وکلاء ایک دوسرے سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں،کارکنان کو اشتعال انگیزی پر اکسا کر تحریک انصاف کی قیادت چھپ جاتی ہے،اس ساری صورتحال میں فیصلہ کن احتجاج کی دھمکی مضحکہ خیز ہے۔