واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدارتی انتخابات کا وقت قریب آ چکا ہے اور الیکشن میں صرف 4 دن باقی رہ گئے ہیں، انتخابی مہم کے دوران سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خواتین سے متعلق متنازع بیان سامنے آگیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو خواتین کا محافظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کی حفاظت یقینی بنائیں گے، چاہے خواتین ان سے متفق ہوں یا نہ ہوں۔ٹرمپ کے بیان کو مخالف امیدوار کملا ہیرس نے انتہائی جارحانہ قرار دیا اور کہا کہ وہ خواتین کی آزادی اور ذہانت کو ترجیح نہیں دیتے۔علاوہ ازیں امریکی انتخابی مہم میں کچرے کی آمد ہوگئی امریکی صدر بائیڈن نے حریف امیدوار ٹرمپ کے حامیوں کو کچرا کہا تو ٹرمپ نے کچرے کا ٹرک چلا دیا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کی ریلی میں ری پبلیکن صدارتی امیدوار ٹرمپ کے حامیوں کو کچرا کہہ ڈالا۔صدر بائیڈن نے پورٹوریکو میں ایک ریلی سے خطاب میں کہا کہ پورٹوریکو کے لوگ کچرا نہیں ہیں۔ مجھے کوئی تیرتا ہوا کچرا نظر آتا، اگر ہے تو وہ ٹرمپ کے حامی ہیں۔بائیڈن کے بیان پر سوشل میڈیا پر شور اٹھا تو وائٹ ہاؤس سے صدر کی حمایت میں بیان جاری کر دیا گیا اور وضاحت کی کہ امریکی صدر نے سب کو نہیں صرف کامیڈین ہنچ کلف کو کچرا کہا تھا۔ٹرمپ نے بائیڈن پر گرجتے برستے ہوئے کہا کہ میرے حامی کچرا نہیں بلکہ امریکا کا دل اور جان ہیں۔ انہوں نے وسکانسن میں احتجاج کرتے ہوئے کچرے کے ٹرک کو چلایا۔