نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹر منوج تیواڑی کی پاکستان کے کھلاڑیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہو گئی۔منوج تیواڑی نے ہانگ کانگ سکسز کے فوٹو سیشن کے دوران فہیم اشرف اور آصف علی کے ساتھ تصویر بنوائی۔سوشل میڈیا پر پیغام میں منوج تیواڑی نے کہا ہے کہ سرحدوں نے تقسیم کیا، کرکٹر نے اکٹھا کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ سکسز میں پاک بھارت میچ کے لیے سب تیار ہیں، فوٹو سیشن کے دوران فہیم اشرف اور آصف علی کے ساتھ تصویر بنائی۔واضح رہے کہ ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ یکم سے تین نومبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں شریک 12 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان ٹیم پول سی میں انڈیا اور یو اے ای کے ساتھ شامل ہے۔یکم نومبر کو پاکستان ٹیم پہلا میچ یو اے ای اور دوسرا میچ انڈیا سے کھیلے گی، ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ایونٹ کے کوارٹرز فائنل دو نومبر کو جبکہ سیمی فائنل اور فائنل تین نومبر کو ہوں گے۔