لاہور ( این این آئی)محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر انتظام ”صوفی فیسٹول”کاانعقاد نومبر کے وسط میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دو روزہ فیسٹول کا افتتاح کریں گی۔ تقریبات کو حتمی شکل دیتے ہوئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، سیکرٹری محکمہ اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کا کہنا تھا کہ فیسٹول کا بنیادی مقصد سوسائٹی میں انتہاپسندی کے بڑھتے ہوئے رجحانات کا تدارک، صْلح جوئی اور محبت آمیزی کی ترویج ہے، دوروزہ صوفی فیسٹول میں صوفی رنگ، صوفی کانفرنس، مشائخ کنونشن، رقصِ درویش، پینل ڈسکشن بعنوان “صوفی کون۔۔۔؟” صوفی گائیکی اورسماع سمیت دیگر ایونٹ شامل ہوں گے،اس موقع پرپنجاب بھرکے صوفی سکالرز، دانشور، ممتاز سجادگان و مشائخ اور روحانی حلقوں کی ممتاز و معتبر شخصیات شرکت کریں گی۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے احکام کی تعمیل میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن ،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس،اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور، ایڈ منسٹریٹر داتا دربار، منیجر داتادربار اور لائبریرین مرکزی لائبریری علماء اکیڈمی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔