اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور مالدیپ نے اہم شعبوں میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور اس ضمن میں مختلف شعبوں پر مشترکہ ورکنگ گروپس بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر محمد تھوہا کی بدھ کوہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ اس ملاقات میں دونوں اطراف نے اہم شعبوں میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر احد چیمہ نے پاکستان مالدیپ جوائنٹ کمیشن کے فریم ورک کے تحت سیاحت، تجارت، محنت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی کے شعبے سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی۔ ہائی کمشنر نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ مالدیپ مستقبل قریب میں ان ورکنگ گروپس کے لیے اپنی سرکاری نمائندگی بھیجے گا۔ دونوں رہنماں نے 2025 کے اوائل میں پاکستان مالدیپ مشترکہ کمیشن کا افتتاحی اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اہم ترجیحی شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حلال گوشت، زرعی مصنوعات، پھلوں اور آلات جراحی کی صنعتوں کی تلاش کے لیے مالدیپ کا خیرمقدم کیا۔ ہائی کمشنر نے کراچی اور مالدیپ کی بندرگاہ کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں کا یقین دلایا۔وزیر نے اس اہم کردار کو بھی اجاگر کیا جو دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی فورمز (سارک، او آئی سی)میں اہم مسائل جیسے کہ مضبوط موسمیاتی کارروائی پر ادا کر سکتے ہیں۔دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پربھی اتفاق کیا۔
