لاہور( این این آئی)بھارت سے چلنے والی مشرقی آلودہ ہوا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور کا اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس ایک بار پھر غیر معمولی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ سیٹلائٹ اور موسمیاتی تحقیقاتی اداروں کے مطابق، اس وقت ہوا تقریباً 1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لاہور کی جانب چل رہی ہے۔سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول، راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ عوام سے التماس ہے کہ لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں۔ لاہوریوں نے گزشتہ 10 دنوں سے سموگ کے خاتمے کے لیے عملی کردار ادا کیا ہے، جس کے باعث کوڑا جلانے اور گاڑیوں کے دھویں میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔محکمہ تحفظ ماحول نے بھی شہریوں کے شانہ بشانہ سموگ کے تدارک کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ گزشتہ 28 دنوں میں ڈھائی ہزار سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کلیمپ کیا گیا، 469 فیکٹریوں اور بھٹوں کو مسمار کیا گیا، اور 318 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ کسانوں کی گرفتاریوں اور جرمانوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔راجہ جہانگیر انور نے مزید کہا کہ اہلِ لاہور سے اپیل ہے کہ سموگ کے خلاف جاری جنگ میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں۔ ان شاء اللہ، عوام کے تعاون سے ہم سموگ کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے۔سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول، راجہ جہانگیر انور نے اس حوالے مزید کہا کہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت کو بھی اپنے علاقوں میں سموگ کے محرکات پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔اس حوالے سے کسی بھی قسم کے دھوئیں کی فوری اطلاع 1373 پر دیں۔
