مشی گن (این این آئی )مشی گن میں گرینڈ مسجد کے امام بلال الزھیری نے ریاست میں ایک انتخابی ریلی کے دوران تقریر کی جس میں انہوں نے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مسلمانوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ مشی گن امریکی انتخابات میں سوئنگ سٹیٹس میں سے ایک ہے اور اس میں عربوں اور مسلمانوں کی ایک بڑی کمیونٹی موجود ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اپنی تقریر میں بلال الزھیری نے کہا کہ مسلمان ٹرمپ کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے مشرق وسطی اور یوکرین میں جنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ وہ غیر قانونی امیگریشن سے امریکیوں کے تحفظ کی اہمیت پر بھی ٹرمپ سے اتفاق کرتے ہیں۔بلال الزھیری نے سابق امریکی صدر پر حالیہ دو قاتلانہ حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ٹرمپ کو دو بار بچایا تاکہ ٹرمپ دوسروں کی جانیں بچا سکے۔بلال الزھیری نے کہا کہ ٹرمپ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے برعکس ہماری بات سننے کے خواہشمند تھے۔ ہم نے ان کے ساتھ غزہ کی جنگ روکنے اور اسلاموفوبیا سے لڑنے پر بات کی۔ انہوں نے کئی اجلاسوں میں ہمارے مطالبات کو غور سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتخابات میں عربوں اور مسلمانوں کے ووٹوں کا اثر ہوا ہے۔