کراچی (این این آئی)اداکار فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے کہا ہے کہ اپنے والد کا انٹرویو دیکھ کر بیحد تکلیف ہوئی ،ایک بیٹے نے علاج کیلئے پیسے بھیجے، دوسرے نے ہسپتال میں ان کی دیکھ بھال کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ویڈیو میں اداکار فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے کہا کہ والد کا انٹرویو دیکھ کر بیحد تکلیف ہوئی جب والد نے ذاتی معاملات پر انٹرویو دیا ہے تو مجھے کہانی کا اپنا پہلو بھی بتانا چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ میری والدہ نے میرے والد سے خلع لی ہے، کوئی بھی عورت شادی کے 35 سال بعد خلع نہیں لینا چاہتی،میری والدہ میرے والد کے ساتھ پیچیدہ رشتے میں رہیں، میری والدہ نے اپنی ساری زندگی خیر کی امید میں تکلیفوں اور پریشانیوں میں گزاری لیکن کچھ بھی بہتر نہیں ہوا۔انہوں اپنے والد کی کوتاہیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد بارے بہت سی بری عادتیں تھیں جو ان کیلئے بطور خاندان تکلیف دہ تھیں اور میں نے اپنے والد کے بھائیوں سے بھی بات کی لیکن انہوں نے اپنی غلطیوں کو تسلیم نہیں کیا اور اپنے بچوں اور بیوی کیخلاف چلے گئے۔کینسر کے علاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے حمزہ نے بتایا کہ یہ ہمارے لئے تکلیف دہ وقت تھا ،ہم نے ان کا مہنگا علاج کروایا،کسی کو اس کا تذکرہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ یہ بیٹے ہونے باعث ہمارا فرض تھا، لیکن چونکہ ہمارے والد اس کا ذکر ایسے کر رہے تھے جیسے ہم نے ان کے علاج کے حوالے سے کچھ نہیں کیا، اس لئے مجھے اس کی تفصیلات آپ کو بتانی پڑ رہی ہیں۔ ایک بیٹے نے ان کے علاج کیلئے پیسے بھیجے، دوسرے نے ہسپتال میں دیکھ بھال کی اور بیٹی نے بھی خوب خدمت کی لیکن سب بے سود رہا۔انہوں نے بتایا کہ بھائی بازل علاج کے دوران ان کیساتھ رہا، وہ والد کا زخم دیکھ کر بے ہوش بھی ہو گیا تھا ۔