اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے میڈی ٹیرنین شپنگ کمپنی(ایم ایس سی)کے نمائندوں کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی ۔کراچی پورٹ ٹرسٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس کا مقصد پاکستان میں عالمی سطح پر بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا اور ایم ایس سی جیسے بڑے ادارے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنا تھا۔اس اجلاس میں ایم ایس سی کے سی ای او سورین ٹوفٹ جو جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں مقیم ہیں، کی جانب سے وزیر برائے بحری امور کو ایک تعریفی خط بھی پیش کیا گیا۔ خط میں پاکستان کی بحری امور میں پیشرفت اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کارکردگی کو سراہا گیا۔وفاقی وزیر برائے بحری امور نے اس موقع پر کہا کہ ہم ایم ایس سی جیسے عالمی ادارے کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کی راہیں ہموار ہو سکیں۔وزارت بحری امور اور ایم ایس سی کے نمائندوں نے مستقبل میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور شراکت داریوں کے حوالے سے بات چیت کی جس سے پاکستان میں بحری صنعت کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
