اسلام آباد( این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پی او ایس سے منسلک ریٹیلرز سے خریداری پر انعامی سکیم کا اعلان کر دیا۔ملک میں جعلی کاروباری رسیدوں کے ذریعے ہونے والی ٹیکس چوری روکنے کے لئے ایف بی آر نے وفاقی دارالحکومت میں صارفین کیلئے پی او ایس انعامی اسکیم کا دوبارہ اجرا کر دیا۔ایف بی آر کے مطابق ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے منسلک ری ٹیلرز سے شاپنگ کرنے پر انعام ملے گا، قرعہ اندازی کے ذریعے 5 ہزار روپے تک کی رسید پر 10 ہزار روپے انعام ملے گا، پانچ ہزار روپے سے زائد کی رسید پر 20 ہزار روپے انعام ملے گا۔حکام کے مطابق کچھ پی او ایس ٹیئر ون ری ٹیلرز صارفین کو جعلی رسیدیں جاری کر رہے ہیں، صارفین جعلی رسید آسان ٹیکس ایپ کے ذریعے رپورٹ کریں، رسید پر ٹیکس آسان موبائل ایپ کے ذریعے کیو آر کوڈ موجود ہونے کی تصدیق کر لیں، صارفین دکاندار سے کچی رسید لینے سے صاف انکار کریں۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ صارفین جعلی رسید ملنے کی صورت میں اپنی لوکیشن شیئر کریں، رسید یا اسے جاری کرنے والے ٹیئرون ری ٹیلر یا ریسٹورنٹ کی تصویر بنائیں، یہ تمام شواہد ایف بی آر آسان ٹیکس ایپ کے ذریعے پوسٹ کریں۔پہلے مرحلے میں انعامی سکیم کا اسلام آباد کے تمام ٹیئر ون ری ٹیلرز اور ریسٹورنٹس پر اطلاق ہوگیا، 11 نومبر سے اسلام آباد کے تمام بزنسز پر اسکیم کا اطلاق ہوگا، 30 نومبر سے پورے ملک میں انعامی اسکیم شروع کی جائے گی۔