لاہور( این این آئی)ریلوے واشنگ لائنز نے بد انتظامی اور گندگی میں لاہور ریلوے اسٹیشن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ،ٹرینوں کی صفائی کے لئے بنے پٹس ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے متعددملازمین گرکر زخمی ہو چکے ہیں تاہم اس کے باوجود حکام خواب غفلت سے بیدارنہیں ہوسکے، ٹرین ڈسپیچ آفس کے بعد واشنگ لائنزپٹس کی تعمیرکے ٹھیکیدارکے فراراورایک سال سے پٹس کی بحالی کاکام نہ ہونے نے سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کاپول کھول دیا۔ ریلوے واشنگ لائنز کے سروے کے مطابق مسافرٹرینوں کی صفائی کے لئے لاہورریلوے اسٹیشن سے ملحقہ واشنگ لائنزریلوے انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث بد ترین حالات سے دوچار ہے ۔ ریلوے ملازمین کے مطابق ٹرین ڈسپیچ آفس کی عمارت کے بعد واشنگ لائنز پٹس تعمیرکرنے والاکنٹریکٹرشٹرنگ لگی چھوڑکر فرارہوچکا ہے ،واشنگ لائنز کے لئے سالوں قبل تعمیرہونے والی 10میں سے صرف ایک پٹ درست حالت میں موجود ہے جبکہ باقی پٹس پر کھڑے ہو کر کام کرنے کیلئے جگاڑ لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے کئی ملازمین گر کر بری طرح زخمی ہو چکے ہیں۔ سروے کے مطابق لاہورریلوے اسٹیشن پرنصب تمام46سی سی ٹی وی کیمروں کی خرابی سمیت اسٹیشن سے واشنگ لائنزتک حساس تنصیبات ومسافروں کولے جانے والی ٹرینوں کے ریکس کی آمدورفت کی سکیورٹی کی جانچ کا کوئی میکنزم موجودنہیں جس کے باعث واشنگ لائنز میں کھڑی ٹرینوں سے کاپروائر،ڈسٹ بنز اوردیگر سامان چوری ہونا معمول بن گیا ہے ۔
