لاہور( این این آئی)پنجاب پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل نے منفرد اعزاز حاصل کر لیا ،5بچوں نے ایم بی بی ایس مکمل کر لیا۔ ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے اپنی زوجہ، ڈاکٹر بیٹیوں اور بیٹوں کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میںآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بچوں کو میڈیکل کی اعلی تعلیم دلوانے پر انصر رزاق کے تعلیم دوست جوش و جذبے اور ہمت کو سراہا ،ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق کی بیٹیاں ڈاکٹر ماریہ ، ڈاکٹر نویرا، ڈاکٹر مدیحہ، ڈاکٹر محمد علی رضا اورڈاکٹر محمد حسن موقع پر موجود تھے۔انصر رزاق کی چھوٹی بیٹی حبیبہ نے بھی ایم کیٹ کے امتحان میں 96فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرکے میڈیکل یونیورسٹی کے لئے کوالیفائی کر لیا۔انصر رزاق کے بچوں نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور اور علامہ اقبال میڈیکل کالج سے تعلیم مکمل کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق ٹیلی کمیونیکیشن راجن پور میں تعینات اور26سال سے محکمہ میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ انصر رزاق کے تمام بچوں کو پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے باقاعدگی سے سکالرشپس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے سخت محنت و لگن سے بچوں کو ڈاکٹر بنانے پر ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق کو خراج تحسین پیش کیا، ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے معاشی حالات کو بچوں کی تعلیم کے آڑے نہ آنے دیا،ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق جیسے اہلکار اپنے عزم و ہمت سے پوری فورس کیلئے روشن مثال ہیں۔ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے بچوں کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک سے بھی ملاقات کی۔
