غزہ(این این آئی)اسرائیل کی جنگ کے باعث غزہ کے فلسطینی بچے ادویات کے بغیر تڑپ تڑپ کر مرنے لگے۔غیرملکی میڈیاکے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں نے غزہ کے فلسطینی بچوں کیلئے اسرائیلی حکمت عملی کے بارے میں ایک بار پھر بیان کیا کہ ادویات کی فراہمی روک کر اور ہسپتالوں کو اسرائیلی فوج کی طرف سے علاج کے لئے ناکارہ بنادیئے جانے کی وجہ سے غزہ کے زخمی فلسطینی بچے درد کے ساتھ تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں۔اداروں کی جانب سے بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے ان کا غزہ سے باہر علاج کے لئے جانے کا راستہ بھی بند کر رکھا ہے، رفح کی راہداری سمیت تمام راہداریاں بند ہیں، گویا غزہ کے بچے ایک بہت بڑے انسانی المیے سے دوچار ہیں۔غزہ کے بچوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں نے رپورٹ کیا کہ وہاں ہزاروں زخمی اور بیمار بچے علاج اور خوراک کے لیے تڑپ رہے ہیں مگر ان کو جان بوجھ کر ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔