تل ابیب(این این آئی)اسرائیل نے ایران پر فضائی حملوں کے بعد ایران کو جوابی کارروائی سے باز رہنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر ایران نے جوابی کارروائی کی تو بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔غیرملکی میڈیاکی رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر اس نے جوابی حملے کیے تو کشیدگی کا ایک نیا باب شروع ہو گا جس کا جواب اسرائیل بھرپور انداز میں دے گا۔اسرائیلی فوجی ترجمان ڈینیئل ہگاری نے کہاکہ اگر ایرانی حکومت نے کشیدگی کا ایک نیا دور شروع کرنے کی غلطی کی تو ہم اس کا جواب دینے کے پابند ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمارا پیغام واضح ہے کہ وہ تمام لوگ جو اسرائیل کی ریاست کو دھمکیاں دیتے ہیں اور خطے کو وسیع تر کشیدگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، وہ بھاری قیمت ادا کریں گے۔