اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ساموا میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے بعد نائب وزیراعظم اور بنگلہ دیشی مشیر برائے امور خارجہ کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔ نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط پر روشنی ڈالی۔ نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ محمد توحید حسین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اعلیٰ سطح پر ڈائیلاگ بالخصوص تجارت، ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کے احیاء پر بھی تبادلہ خیال کیا۔