ایف پی سی سی آئی اور سی سی پی آئی ٹی نے زمینی و سمندری کو رریڈو ر کے لیے الائنس قائم کر دیا
لاہور( این این آئی)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے آگاہ کیا ہے کہ ایک تاریخی پیشرفت میں ایف پی سی سی آئی اور چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ(سی سی پی آئی ٹی)نے زمینی و سمندری راہداری کے لیے ایک الا ئنس قائم کیا ہے؛ جس میں 17 علاقائی، ذیلی علاقائی اور اقتصادی لحاظ سے اہم ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز شامل ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے بانی ممبر کی حیثیت سے مذکورہ اتحاد کے اجلاس میں شرکت کی؛ جس کا انعقاد چین کے شہر چونگ کنگ میں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فیڈریشن اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر معدنیات؛ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات زراعت اور لائیوسٹاک،بنیادی ڈھانچے کی ترقی، قابل تجدید و متبادل توانائی کے ذرائع،فوڈ پروسیسنگ اور اسٹوریج میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تجارت کے مواقع تلاش کرے گی۔ الائنس آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف انٹرنیشنل لینڈ اینڈ سی ٹریڈ کوریڈور کے ہائی پروفائل اجلاس میں فیڈریشن کے اعلی سطحی وفد میں چیئرمین کوآرڈینیشن،ایف پی سی سی آئی، ملک سہیل حسین اور چیئرمین کیپٹل آفس، ایف پی سی سی آئی، کریم عزیز ملک بھی شامل تھے۔