کراچی (این این آئی)بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بائپر جوائے 24 گھنٹوں میں انتہائی شدت اختیار کرلے گا جس کے پیش نظر کراچی پورٹ پر الرٹ جاری کردیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 840 کلومیٹر، ٹھٹھہ کے جنوب سے 830 کلومیٹر اور اورماڑہ کے جنوب مشرق سے 930 کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے مرکز اور اطراف میں 140 کلومیٹر کی ہوائیں چل رہی ہیں، سازگار ماحول سسٹم کو مزید شدت اختیار کرنے میں مدد دے رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے باعث بحیرہ عرب میں شدید طغیانی کی کیفیت رہے گی اور لہریں 8 سے 10 فٹ بلند ہوسکتی ہیں، جس کے باعث اتوار سے ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔طوفان کی ممکنہ سمت کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور میرپورخاص میں 13 جون کو موسلادھار بارش متوقع ہے جبکہ ممکنہ طور پر ساحلی علاقے تیز آندھی، طوفان اور سیلاب کی زد میں آسکتے ہیں۔