مردان(این این آئی)مردان میں2 خواجہ سراؤں کے قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ21 اکتوبر کو 3 ملزمان نے 2 خواجہ سراؤں کو ان کے بالا خانے میں تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مقتولین کے ایک ساتھی نے باتھ روم میں چھپ کر جان بچائی تھی جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ڈی پی او نے بتایا کہ تفتیش کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔کاٹلنگ سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے بتایا کہ خواجہ سراء معاشرے میں بے حیائی پھیلاتے ہیں اس لے انہیں قتل کر دیا۔پولیس کی جانب سے ملزمان سے مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
