اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی کے خاتمے ، علیمہ خان، عظمیٰ خان، اعظم سواتی ، انتظار پنجوتھا کی رہائی کا مطالبہ
احتجاج، ملک گیر تحریک کی تیاریوں کے لیے ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل پر اتفاق
اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی کے خاتمے اور علیمہ خان، عظمیٰ خان، اعظم سواتی اور انتظار پنجوتھا کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق احتجاج، ملک گیر تحریک کی تیاریوں کے لیے ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں26 ویں آئینی ترمیم کی ہارس ٹریڈنگ جیسے ہتھکنڈوں سے منظوری کی مذمت کی گئی، کور کمیٹی نے شوکاز نوٹسز کے اجرا کے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی۔اعلامیہ میں کہا گیاکہ ترمیم چیلنج کرنے کے قانونی امکانات کے جائزے اور لائحہ عمل کی تیاری لیگل کمیٹی کے سپرد کردی گئی، چیف جسٹس کی نامزدگی کے لیے پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہفتہ وار بنیادوں پر جمعے کو منعقد کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے، سیاسی کمیٹی ہفتے میں 2 مرتبہ پیر اور بدھ کو اجلاس منعقد کرے گی۔
