مکوآنہ (این این آئی)دنیا بھر میں گذشتہ 50 سال کے دوران موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلابوں کے باعث اوسطاً یومیہ 115 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ روزانہ تقریباً 202 ملین ڈالر کا نقصان بھی ہوا ہے۔ ورلڈ میٹرو لوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کی رپورٹ کیمطابق موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کی وجہ سے گذشتہ 50 سالوں کے دوران جانی اور مالی نقصانات کا سامنا رہا اور عالمی سطح پر روزانہ 115 افراد کی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ عالمی معیشت کو یومیہ 202 ملین ڈالر کے نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرین ہائوس گیسز میں زراعت کے شعبہ کا حصہ 37 فیصد کیقریب ہے اور گرین ہائوس گیسز کیاخراج کے باعث ماحولیاتی مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کی وجہ سیترقی پذیر ممالک کو معاشی، معاشرتی مسائل کا سامنا ہے۔عالمی درجہ حرارت میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے متاثرہ ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر ہے، ماحولیاتی تبدیلیاں زرعی شعبہ بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کو ختم کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی میں خاطر خواہ اضافہ کرے تاکہ دنیا بھر میں درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے کے نقصانات پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
