راجووال (این این آئی )الحاج رائو عبدالقادر خاں انتقال کر گئے ،دوپاک بھارت جنگوں کے ہیرو تھے،عقیدت و احترام سے سپرد خاک کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پاک آرمی کے ریٹائرڈ آفیسر1965اور 1971کی پاک بھارت جنگوں کے غازی اورسقوط ڈھاکہ کے موقع پر تین سال انڈین جنگی قیدی کے طور پر قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے الحاج را ئوعبدا لقادر خاں گزشتہ روز طویل علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے، وہ یو این او مشن پر مختلف ممالک میں پاکستان آرمی کی طرف سے تعینات رہے،این این آئی کے مطابق وہ ضلع اوکاڑہ کے نامور صحافیوں ضلعی صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس اوکاڑہ رائو مشتاق قادر خاں صدر حجرہ پریس کلب رجسٹرڈ اور ضلعی چیئر مین ایمرا اوکاڑہ رائو محمد سجاد قادر خاں جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران اور رائو الطاف قادر خاں کے والدِ محترم تھے، انکی نماز جنازہ مرکزی قبرستان تکیہ تارے شاہ ادا کی گئی جس میں ضلع بھر سے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں صحافیوں ، سیاسی وسماجی اور مذہبی شخصیات، وکلاء ، پولیس افسران، تاجرحضرات ،اساتذہ کرام نے شرکت کی اور مرحوم الحاج رائو عبدالقادر خاں کی ملک و قوم کے لئے بے مثال خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا،انکی روح کوایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا اور قل خوانی کا ختم آج بروزبدھ صبح آٹھ بجے انکی رہائش گاہ واقع ریلوے روڑ پرہو گا۔