شاید کچھ لوگ نہیں چاہتے جیلوں میں پڑے ہزاروں قیدیوں کی مشکلیں آسان ہوں،اعظم نذیرتارڑکابیان
اسلام آباد(این این آئی)وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے خصوصی کمیٹی کی 7میٹنگز میں ایک بھی سفارش پیش نہیں کی۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے ایک بھی ایسی شق کی نشاندہی نہیں کرپارہے جو کسی بنیادی، انسانی حق، عوامی مفاد، آئین کی روح یا عدلیہ کی آزادی کے منافی ہو۔انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے معاملے کو صرف دھڑا بند سیاست کی آنکھ سے دیکھا جارہا ہے جبکہ خصوصی کمیٹی کی سات میٹنگز میں تحریک انصاف نے ایک بھی سفارش یا تجویز پیش نہیں کی۔وزیر قانون نے کہا کہ شاید کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ جیلوں میں پڑے ہزاروں قیدیوں کی مشکلیں آسان ہوں اور پارلیمنٹ کو وہ مقام ملے جو کسی بھی جمہوری پارلیمانی نظام کا بنیادی تقاضا ہے۔