اسلام آباد(این این آئی)اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں میں دل کے امراض میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔
دل کے دورے اور دل کی بیماریاں، جو کسی زمانے میں بڑی عمر کے بالغوں سے وابستہ تھیں، اب 30 اور 40 کی دہائی کے افراد میں خطرناک حد تک عام ہیں۔یہ بات شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف آف کارڈیالوجی ڈاکٹر اسد اکبر نے ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں کہی۔
بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے طرز زندگی میں تبدیلیوں اور ابتدائی مداخلت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر صحت بخش طرز زندگی، خوراک، تمباکو نوشی اور تناؤ کی بڑھتی ہوئی سطح نوجوان بالغوں میں دل کے مسائل میں اضافے کے لیے اہم عوامل ہیں جن کی روک تھام کیا جانا ضروری ہے۔