ڈھاکہ (این این آئی)بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن مشکل میں پھنس گئے۔بنگلا دیش حکومت اور کرکٹ بورڈ نے شکیب الحسن پر سیکیورٹی طلب کرنے سے پہلے سیاسی موقف کی وضاحت دینے پر زور دیا ہے۔
ایڈوائزر یوتھ اینڈ اسپورٹس آصف محمد کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر کو اپنے سیاسی موقف کی وضاحت دینے کی ضرورت ہے، اس کے بعد انہیں سیکیورٹی طلب کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر کسی کو سیکیورٹی مہیا کرنے کی پابند ہے، شکیب الحسن کرکٹر کے ساتھ سیاستدان بھی ہیں، انہوں نے عوامی لیگ کی طرف سے الیکشن میں حصہ لیا، ہم اتنی ہی سیکیورٹی دیں گے جتنی دوسرے کرکٹرز کو ملتی ہے، ہم اس کے پابند ہیں۔
آصف محمد کا کہنا ہے کہ لوگوں کے نزدیک ان کی دہری شناخت ہے، اگر ہزاروں لوگ چڑھ دوڑے تو کیا ہو گا؟ پولیس کانسٹیبل اور ایک گن مین کیا کر سکیں گے، اس لیے انہیں اپنے سیاسی تعلق کی وضاحت کرنا ہے، شیخ حسینہ واجد کو بھی اتنی سیکیورٹی نہیں دی جا سکی تھی اور وہ ملک سے چلی گئیں۔