مکوآنہ (این این آئی)چاول کی برآمدات کے لئے کم از کم برآمدی قیمت کا اطلاق فوری طور پر ختم کر دیا گیا ہے، پاکستانی چاول برآمد کنندگان عالمی منڈی میں بہتر مسابقت کر سکیں گے۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جام کمال خان کی مداخلت کے بعد چاول کی برآمدات سے پاکستان 5 ارب ڈالر تک کا ریونیو حاصل کر سکتا ہے۔جام کمال خان کی قیادت میں وزارت تجارت نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر کم از کم برآمدی قیمت کے خاتمے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
چاول برآمد کنندگان نے وفاقی وزیر جام کمال خان کے فیصلے کو چاول کی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کو چاول کی عالمی منڈی میں بہتر مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگا اور پاکستانی چاول برآمد کنندگان بہتر مواقع حاصل کر سکیں گے۔وفاقی وزیر کے اس اقدام سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ اور عالمی منڈی میں مسابقتی برتری کے حصول کا موقع بھی فراہم کرے گا۔