پھولنگر( این این آئی)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے دونوں بازوئوں سے معذور طالبہ کے تمام تر تعلیمی اخراجات برداشت کرنے اور 3مرلہ پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
پھولنگر کے علاقہ جمبر کی رہائشی طالبہ مہوش عزیز نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو اپنے پائوں کی مدد سے بنائی گئی پینٹنگز بھی پیش کیں ۔مہوش عزیز 4سال کی عمر میں کرنٹ لگنے کی وجہ سے دونوں بازوئوں سے محروم ہوگئی تھی ۔مہوش عزیز نے تمام تعلیم پائوں کی مدد سے لکھ کر حاصل کی جس پر وزیر تعلیم نے طالبہ کی ہمت کی داد دی، اور مزید تعلیم کی خواہش پر سکالرشپ دینے کا اعلان کیا۔
رانا سکندر حیات نے معذور طالبہ کو اپنی جیب سے 50ہزار روپے کیش انعام بھی دیا ۔ وزیر تعلیم نے مہوش عزیز کو سرکاری نوکری دلوانے ،ذاتی طور پر 3مرلہ کا پلاٹ دینے کا بھی اعلان کیا ۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ مہوش عزیز جیسی طالبات کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے۔