تہران(این این آئی ) ایران کے جنوبی صوبے خراسان میں کوئلے کی کان میں میتھین گیس کے دھماکے سے کم از کم 51افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے۔ایران کے سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ حادثہ مدانجو کمپنی کے زیرِ انتظام کان کے دو بلاکس میں میتھین گیس کے دھماکے سے ہوا۔
دھماکے کے وقت بلاکس میں70سے زائد کارکن موجود تھے۔سرکاری ٹی وی نے ایران کے ہلالِ احمر کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، سترہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور 24 افراد بدستور لاپتہ ہیں۔سرکاری میڈیا نے بتایا کہ دھماکہ ہفتہ کو مقامی وقت پر رات نو بجے ہوا۔صدر مسعود پیزشکیان نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹیلی ویژن پر تبصرے میں کہا، میں نے وزرا سے بات کی ہے اور ہم حادثے کی مزید تفتیش کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔