تل ابیب (این این آئی )اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔
لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے زیر استعمال پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے کیے گئے ہیں جس میں 9 افرد شہید جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق رابطوں کیلیے استعمال پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے زخمی ہونے والوں میں 200 سے زائد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے۔ حزب اللہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زخمی افراد میں سے کسی کے بازوں، کسی کی ٹانگوں اور یہاں تک کہ کسی کے چہرے پر بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔
ادھر بیروت سے لبنانی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ حزب اللہ ارکان حالیہ ماہ میں لائے گئے پیجر ڈیوائس کے نئے ماڈل استعمال کر رہے تھے۔حزب اللہ حکام کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے سیکیورٹی کی بڑی خلاف ورزی ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی نے دعوی کیا کہ ان دھماکوں میں ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں حزب اللہ کے سیکڑوں کارکنان بھی شامل ہیں۔عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ زخمیوں کیلیے اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی، اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 400 سے زیادہ افراد اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔