ریاض(این این آئی )سعودی فنڈ برائے ترقی نے جمہوریہ ڈومینیکا کے دارالحکومت روسیو میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے منصوبے کی مالی اعانت کے لیے فنڈ کی طرف سے فراہم کردہ پہلے ترقیاتی قرض کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈومینیکا کے وزیر اعظم روزویلٹ سکیرٹ، سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او سلطان عبدالرحمن المرشد اور ڈومینیکا کے دولت مشترکہ میں وزیر خزانہ، اقتصادی ترقی و موسمیاتی استحکام ڈاکٹر ارونگ میکانٹائر کی موجودگی میں سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کی طرف سے 41 ملین ڈالر کے ترقیاتی قرض کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
دارالحکومت روسیو میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے منصوبے کی مالی معاونت کے لیے یہ معاہدہ ڈومینیکا میں فنڈ کی سرگرمی کے آغاز کی نمائندگی کرتا ہے۔یہ معاہدہ ڈومینیکا میں 7 اہم سڑکوں کی تعمیر اور بحالی، ان کے پانی کی نکاسی کے نیٹ ورکس کی ترقی، بجلی اور مواصلاتی لائنوں کی زیر زمین منتقلی اور ان سڑکوں پر بنیادی خدمات کو بڑھانے کے لیے فنڈ فراہم کر رہا ہے۔