اسلام آباد( این این آئی)وفاقی حکومت نے صحت سہولت کارڈ پروگرام وفاق میں بھی بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔پروگرام کی رواں سال دسمبر تک توسیع کی منظوری دیدی گئی جبکہ وزارت صحت کو آئندہ سال سے پروگرام مستقل کرنے کا ٹاسک بھی دے دیا گیا۔
صحت سہولت کارڈ میں 6 ماہ توسیع کی منظوری ایکنک اجلاس میں دی گئی جبکہ پروگرام کے تحت 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو نئے ماڈل کے تحت مفت علاج کی سہولیات ملیں گی۔آئندہ سال سے وفاقی صحت سہولت کارڈ پروگرام کو مستقل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔
پروگرام کی مستقلی اور حتمی ماڈل کی تیاری کا اختیار وزارت صحت کو دیا گیا ہے۔وفاقی صحت کارڈ پر اسلام آباد اور اس کے تمام ریجنز کے 64 اسپتالوں میں25 لاکھ مستحق خاندان مفت علاج کرا سکیں گے جبکہ اسلام آباد کے 2 لاکھ 80 ہزار ، آزاد کشمیر کے 15 لاکھ ، گلگت بلتستان کے 5 لاکھ اور تھرپارکر کے ساڑھے 3 لاکھ گھرانے پروگرام میں شامل ہیں۔