کراچی (این این آئی)کراچی کے رہائشیوں کی سوشل میڈیا پر مہم کے بعد پاکستانی نژاد امریکی تاجر علی شیخانی نے کے الیکٹرک خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ علی شیخانی نے اپنے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکانٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔علی شیخانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 سے 5 دنوں میں کراچی کے انٹرنیٹ صارفین مجھے اور میری ٹیم کو مسلسل ٹیگ کر رہے ہیں، صارفین کا مطالبہ ہے کہ میں کے الیکٹرک خرید لوں۔
انہوں نے اپنے مختصر سے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں نے بات کی ہے کہ کے لیکٹرک فروخت ہو چکی یا نہیں، اگر نہیں بکی تو اسے خریدنے کا کیا طریقہ ہے۔علی شیخانی کا کہنا ہے کہ میں بنا رشوت دیے کے الیکٹرک خریدنے کے لیے تیار ہوں، اپنے کراچی کے عوام کے لیے میں کے الیکٹرک خرید لوں گا۔ان کا کہنا ہے کہ اور اگر شیخانی گروپ کے الیکٹرک خرید لیتا ہے تو مجھے پیسہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، میرے پاس اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے۔علی شیخانی نے کہا ہے کہ میری کوشش صرف مڈل کلاس فیملیز کو ریلیف دینے کی کوشش ہوگی۔