اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو آپریشن عزم استحکام کے بارے میں اعتماد میں لیااور کہا ہے کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے ویژن کے لیے عزم استحکام ہے، یہ کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہوگا۔ منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، کابینہ نے معمول کے 11 نکاتی ایجنڈے جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایوکیو ٹرسٹ بورڈ چیئرمین کی تعیناتی کی تجویز واپس کردی،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جو نام دیے گئے ہیں، پہلے ان کی شہرت چیک کی جائے۔اجلاس میں فریکنسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی جبکہ وفاقی کابینہ نے ای سی سی ، سی سی ایل سی کے فیصلوں کی توثیق کی، اس کے علاوہ ایس او ای کی کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔کابینہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے ویژن کے لیے عزم استحکام ہے، یہ کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہوگا۔