ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں روزگار اور رہائش سے متعلق قوانین کے علاوہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہزاروں افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں مملکت میں 13 جون سے 19 جون کے دوران قانون کی مختلف خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائیوں کی مہم کو تیز کر رکھا گیا اور مجموعی طور پر 10917 افراد کی اس نوعیت کی خلاف ورزیوں کا پتہ چلایا گیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مملکت کے مختلف متعلقہ محکموں اور شعبوں نے اس مہم میں مشترکہ طور پرحصہ لیا جبکہ گرفتاریوں کے لیے جوائنٹ فیلڈ سیکورٹیز کی مدد لی گئی۔ ان شعبوں میں رہائشی قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کی موقع پرگرفتاریاں کی گئیں۔اس مہم کے دوران مجموعی طور پر اب تک رہائشی قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والے 6969 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
2967 افراد کو سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے اور 981 مزدوروں گرفتار کیے گئے ہیں جنہوں نے سعودی لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔مملکت کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے جانے والے افراد کی تعداد 1100 ہے، ان میں 26 فیصد یمنی شہری ہیں۔ جبکہ یہی جرم کرنے والے 72 فیصد افراد کا تعلق ایتھوپیا سے ہے، دو فیصد کا مختلف ملکوں سے تعلق ہے۔ ان میں 44 افراد کو عین اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ سعودی سرحد کو غیر قانونی طور عبور کر رہے تھے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک شخص ایسا بھی گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر آنے والوں کو ٹرانسپورٹ مہیا کرنے میں ملوث اور ملکی سرحدی قوانین کے علاوہ لیبر قوانین کی بھی خلاف ورزی کا بھی مرتکب پایا گیا ہے۔