اسلام آباد (این این آئی)خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے بحران پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور میں رابطہ ہوا۔وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے اپنے تحفظات سے وزیرداخلہ محسن نقوی کو آگاہ کیا۔لوڈشیڈنگ کے مسئلے پروزیرداخلہ اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کے پی کے میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر اگلے 2 روز میں مشاورت اور مذاکرات پر اتفاق کیا۔
وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ افہام و تفہیم سے باہمی غلط فہمیاں دور کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیرداخلہ داخلہ کو گرڈ سٹیشنز کی حفاظت اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی تنصیبات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔