لاہور( این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر ملائیشیاء، کویت قازقستان کے سربراہان ،چیئرمین جوائنٹ چیفز آف اسٹاف کمیٹی ،پاک افواج کے سربراہان، صدر مملکت ،صوبوں کے گورنرز ، وزرائے اعلیٰ ،آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم اورسیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطے کر کے عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی،
مسلم ممالک کے رہنمائوں سے ہونے والے رابطوں میں تعلقات کی مضبوطی ،غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں کو دوگنا کرنے اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف اور ملائیشیا ء کے وزیر اعظم داتوک سیری انور ابراہیم کے درمیان عید الاضحی کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں کے درمیان عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا ء کے برادرانہ عوام اور امت مسلمہ کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک تمنائوں اور دعائوں کا اظہار کیا۔
غزہ میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی قیادت میں فلسطینی کاز پر ملائیشیا ء کے اصولی اور مستقل موقف کو سراہا۔دونوں رہنمائوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں کو دوگنا کرنے اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جو کہ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔
اپریل 2024 میں ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر اپنی حالیہ نتیجہ خیز ملاقات کے ساتھ ساتھ گزشتہ چار مہینوں میں دو ٹیلی فونک روابط کو یاد کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح کے باقاعدہ تبادلوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم شہبا زشریف نے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے پر وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ملائیشیا ء کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔رہنمائوںنے دونوں ممالک کے عوام کے لیے عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قازق صدر نے دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ دونوں رہنمائوں نے اپنے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اس کی مکمل صلاحیتوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت دینے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر روابط اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لیے اہم ہیں اور دونوں فریقوں کو اس اہم جہت پر اپنی توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ 3،4 جولائی 2024 کو آستانہ، قازقستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت کے اجلاس میں اپنی شرکت کے منتظر ہیں۔ قازق صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اگلے ماہ ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں مدعو رہنما علاقائی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک جامع ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرزور دعوت بھی دی جسے قازقستان کے صدر نے خوش اسلوبی سے قبول کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے برادر عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں اور دعاتوں کا اظہار کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا جن کی خصوصیات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور مشترکہ مذہبی ورثے پر مشتمل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات جن کے تحت دونوں ممالک نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس وقت امیر کویت سے ملاقات کی تھی جب کویت کی حکومت عراق کے 1990-91 کے دوران قبضے کی وجہ سے عارضی طور پر طائف میں مقیم تھی۔ پاکستان کی جانب سے اس وقت وہ اظہار یکجہتی دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور پائیدار تعلقات کا ثبوت ہے۔ کویت کے وزیر اعظم نے گرمجوشی کے جذبات کا اظہار کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ہنرمند مزدوروں کی برآمد سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، مشترکہ اہداف اور مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کویت میں مقیم پاکستانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک بڑی پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی کی جو دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔دونوں رہنمائوں میں عید الاضحی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ ہوا۔
رابطے میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اوردونوں رہنمائوںنے پاکستان کی بہتری کے لئے مل کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افواج پاکستان کے سربراہان کو بھی ٹیلیفون کر کے عید الاضحی کی مبارکباددی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین جوائنٹ چیفز آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربرہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو ٹیلیفون پر عید کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔
افواجِ پاکستان کے سربراہان کی پیشہ ورانہ قیادت میں ہمارے جوان وطن کے دشمنوں اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔عید الاضحی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطے میں عید الاضحی کی مبارکباد دی۔وزیراعظم نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک گفتگو میںعید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کی
اوزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے صدر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی دی۔وزیراعظم نے عبد العلیم خان ، سردار خالد مگسی، سردار اختر مینگل ، آفتاب شیرپا ئواور پروفیسر ساجد میر سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی عید الاضحی کی مبارکباد دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ، نیشنل پارٹی کے صدر عبد المالک بلوچ اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں وزیر اعظم نے انہیں عید کی مبارکباد پیش کی ۔
سیاسی رہنمائوں نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ،امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی،دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے ،نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔سیاسی رہنمائوں نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی ، نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ اتحادی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر خیبر پختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی ، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے عید الاضحی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔وزیراعظم نے صدر آزاد جموں و کشمیر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق سے ٹیلی فون پر گفتگو کر کے عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ اور نیک خواہشات کا اظہار اورعید الاضحی کے موقع پر قومی اتحاد و یگانگت کے عزم کا اعادہ کیا۔