ممبئی (این این آئی)بھارتی اداکارہ و ماڈل راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ انہیں عمرے کا ویزہ مل گیا ہے اور اب وہ جلد ہی عمرے پر جائیں گی۔بھارتی سوشل میڈیا پیجز سے راکھی کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میرے عمرے کا ویزہ ہوگیا ہے اور میں عمرہ کرنے جارہی ہوں،
راکھی نے اپنی ویڈیو میں ٹریول ایجنٹ سلمان کو بھی بھائی کہتے ہوئے متعارف کروایا۔راکھی نے بتایا کہ مجھ سے میڈیا اور دوست احباب سب پوچھ رہے تھے کہ میں عمرہ پر کب جارہی ہوں تو سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرا کام ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں راکھی ساونت کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہیں کلمہ پڑھتے دیکھا گیا جب کہ اداکارہ نے بھی اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا، پھر انہوں نے اپنے دوست عادل درانی سے شادی کی تھی تاہم اب دونوں میں علیحدگی ہوگئی ہے۔
بعد ازاں ممبئی میں میڈیا سے گفتگو میں راکھی ساونت نے بتایا تھا کہ میرے خالد ماموں ممبئی کی مقامی مسجد سے حلف نامہ تیار کروا رہے ہیں تاکہ میں عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جا سکوں۔راکھی کا مزید کہنا تھاکہ میں نے اسلام قبول کیا ہے اور میں مسلمان ہوں، رمضان میں باقاعدگی سے روزے رکھنے اور نماز کی پابندی کروں گی، میں اب بھی 5 وقت کی نماز پڑھتی ہوں۔