لاہور( این این آئی) قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے صادق آباد میں اربوں روپے کے شوگر سکینڈل کا نوٹس لیتے ہوئے چینی سکینڈل کے مرکزی ملزم شیخ راشد اور شریک ملزمان کے خلاف انکوئری کا حکم دیدیا ۔نیب لاہور کے مطابق صادق آباد میں بڑے چینی ڈیلر زکی تاجروں کے اربوں روپے سمیٹ کر روپوش ہونے کی رپوٹ موصول ہوئی۔تاجروں کی عمر بھر کی جمع پونجی لٹنے کی اطلاعات پر ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے فوری تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی۔
تفتیشی ٹیم نے مرکزی ملزم شیخ راشد شریک ملزمان کاشف علی اور فیصل علی کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔نیب لاہور کے مطابق تفتیشی ٹیم کے صادق آباد میں ہنگامی ریڈ پر ملزمان کی جانب سے متعدد مقامات پر چینی سٹاک کئے جانے کا انکشاف ہوا ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم شیخ راشد کے صادق آباد میں 4 بڑے گوداموں کی موجودگی کا پتہ لگالیا گیا جنہیں چینی سٹاک کیلئے استعمال کیا جاتارہا۔ڈی جی نیب لاہور کے احکامات پر تمام گوداموں اور دکانوں کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔
نیب لاہور تمام ملزمان کے خلاف نیب قانون نیشنل اکائونٹیبلٹی آرڈی نینس 1999 اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت تحقیقات کر رہا ہے۔ ڈی جی نیب کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کو ملزمان کی جائیدادوں پر ریسیور کے طور پر تعینات کردیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے تمام متاثرین کو پرامن رہنے اور فوری طور پراپنے کلیمز نیب لاہور میں داخل کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔نیب کی جانب سے چینی سکینڈل پر برق رفتاری سے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔