اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کیلئے امیدوار نامزد کردیا۔بدھ کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے ملاقات کی جس میں نجم سیٹھی نے وزیرِ اعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے مختلف امور پر بریفنگ دی۔
نجم سیٹھی نے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شمولیت پر بھی گفتگو کی گئی ۔ملاقات میں آئندہ منعقد ہونے والے ایشیاء کرکٹ کپ کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی ،ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کیلئے امیدوار نامزد کردیا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف جلد دو نام پی سی بی گورنرز بورڈ میں بھجوائیں گے، وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو جلد پی سی بی چیئرمین کے الیکشنز مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ملاقات میں نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو ایشیاء کپ اور انڈیا میں ورلڈ کپ سے متعلق بریفنگ دی،نجم سیٹھی نے ایشیا ء کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق رائے مانگی، رائے موجودہ حالات کے پیش نظر مانگی گئی۔
ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نیوزیراعظم کو پی سی بی کا 2014 کے آئین بحالی سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ پی سی بی کا 2014 کا آئین مکمل بحال ہوچکا ہے، نوے فیصد سے زیادہ اضلاع میں پی سی بی ڈسٹرکٹس کا الیکشن مکمل ہوچکا ہے،ریجنز کے 80 فیصد الیکشن مکمل ہوچکے، ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ 15 جون سے شروع ہورہا ہے، نجم سیٹھی نے بتایا کہ ایک سالہ کرکٹ کیلنڈر مکمل کرلیا گیاہے جس کا جلد اعلان ہوگا،ڈیپارٹنمنٹل کرکٹ بحال ہوچکی ہے،تمام ڈیپارٹمنٹس نے اپنی کرکٹ ٹیمیں بنانا شروع کردی،پی سی بی آئین بحالی پر وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو مبارکباد دی۔