اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یاد کرو جب اقتدار میں تھے تو آرمی چیف باپ اور ڈی جی آئی ایس آئی چاچا تھا، تم نے ساری مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو جیل بھیج دیا جلا وطن کر دیا تھا۔سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر 9مئی کیسز میں گرفتار افراد بارے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے لکھا کہ اس طرح نہیں کہ جب چاہا وطن کی اساس پہ حملہ آور ہو جا،
سیاسی اختلافات کو وطن دشمنی بنا ڈالو، پھر معافی مانگ کر معصوم بن جا اور پارٹی چھوڑ دو۔انہوں نے لکھا کہ کوئی روپوش ہوگیا، کوئی مفرور ہو گیا، کہاں گئے جو اسمبلی میں اگلی قطاروں میں بیٹھتے تھے اور وزیر مشیر تھے، جن کی تکبر اور رعونت سے بھری تقاریر اسمبلی کے ریکارڈ میں محفوظ ہیں۔انہوں نے لکھا کہ یاد کرو جب اقتدار میں تھے تو آرمی چیف باپ تھا، ڈی جی آئی ایس آئی چاچا تھا، ساری مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو جیل بھیج دیا جلا وطن کر دیا تھا۔ اللہ نے حوصلہ دیا ہمت دی عزت رکھی اور اللہ نے اقتدار عطاء کیا۔