ممبئی (این این آئی)بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ ماضی میں کم عمری میں پاکستان دیکھ چکے ہیں اور اب ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بھی ایک بار پاکستان لے جائیں۔شاہ رخ خان نے مذکورہ بات ایک مختصر ویڈیو میں کہی، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ۔شاہ رخ خان کی مذکورہ ویڈیو ایک دہائی پرانے بھارتی ٹی وی پروگرام کی ہے جو بھارت سے باہر شوٹ کیا گیا تھا اور مذکورہ پروگرام میں پاکستان کی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بھی شریک ہوئی تھیں۔
وائرل ہونے والی مختصر کلپ میں حنا ربانی کھر کے سوال پر شاہ رخ خان انکشاف کرتے ہیں کہ وہ کم عمری میں پاکستان گھوم چکے ہیں۔وہ بتاتے ہیں کہ جب ان کی عمر 15 سے 17 سال کے درمیان تھی، وہ اپنے والد کے ہمراہ پاکستان گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کے خاندان کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے ہے اور وہ بھی اپنے آبائو و اجداد کا شہر دیکھ چکے ہیں۔شاہ رخ خان کے مطابق انہیں آج بھی یاد ہے کہ جب وہ پاکستان گئے تھے تو انہیں اور ان کے والد کو بہت زیادہ پیار اور عزت دی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ والد کے ہمراہ، پشاور کے علاوہ سوات، لاہور اور کراچی بھی گئے تھے اور انہوں نے پشاور سمیت پاکستان بھر کے لوگوں کو مہمان نواز پایا۔بالی وڈ بادشاہ نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ اگر پاکستانیوں کے گھر جاکر ان کی کسی چیز کی تعریفیں کریں تو مذکورہ چیز مہمان کے اپنے گھر جانے سے قبل ان کے گھر پہنچا دی جاتی ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ پشاور کے لوگوں سمیت پاکستان بھر کے لوگ مہمان نواز اور محبتی ہیں۔شاہ رخ خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے تمام بچوں کو بھی پاکستان دکھانے لے جائیں۔