ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر کے منفرد ڈیزائن کے حامل بوئنگ 787 طیارے کے پہلے ٹیک آف کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ریاض میں قائم ایوی ایشن میڈیا کمپنی ایوی ایشن ورلڈ گروپ نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر ریاض ایئر کے بوئنگ 787 طیاروں میں سے ایک کے ٹیک آف کا وڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
ریاض ایئر کے طیارے کو بوئنگ ایئر پلینز پورٹ لینڈ میں تیار کیا گیا ہے۔ اسے پہلے ٹیک آف کے لیے ہینگر سے اہتمام کے ساتھ باہر لایا گیا۔ایوی ایشن ورلڈ گروپ کے مطابق ریاض ایئر دو مختلف ڈیزائن کے طیارے استعمال کرے گی دوسرا ڈیزائن بعد میں سامنے لایا جائے گا۔ریاض ایئر کا یہ طیارہ آئندہ کو سعودی دارلحکومت ریاض کی فضاوں میں بھی پرواز کرے گا۔ اس سے قبل ریاض ایئر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر بوئنگ 787 طیارے کے نئے ڈیزائن کی تصاویر شیئر کی تھیں۔
ریاض ایئر کے طیارے منفرد ڈیزائن، جامنی رنگ اور نئے انداز سے متعارف کرائے گئے ہیں جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید جمالیاتی ذوق کا بہترین امتزاج ہے۔ طیارے کے ڈیزائن میں استعمال کیے جانے والا جامنی رنگ سعودی صحرا کے لیوینڈر پھول کی نمائندگی کرتا ہے۔اس سے قبل ریاض ایئر نے اعلان کیا تھا کہ اسے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) سے آر ایکس کوڈ مل گیا۔ اب وہ دنیا کی صف اول کی ایئر لائنز میں شامل ہے۔
ریاض ایئر نے یہ اعلان استنبول میں ایاٹا کے سالانہ اجلاس اور ورلڈ ایئر ٹرانسپورٹ سمٹ کے موقع پر کیا۔ریاض ایئر کا ہیڈکوارٹر سعودی عرب کے دارالحکومت میں ہے۔ ریاض ایئر 2030 تک سو سے زیادہ بین الاقوامی ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلانے کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے۔علاوہ ازیں مکمل ڈیجیٹل سروسز اعلی معیار کے ساتھ پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ریاض ایئر کی باقاعدہ پروازیں 2025 کے آغاز میں شروع ہوں گی۔ریاض ایئر سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی کمپنی ہے۔ کمپنی نے 9-787 ساخت کے 72 بوئنگ ڈریم لائنر طیاروں کا پہلا سودا کیا ہے۔